بابر اعوان کی بریت کیخلاف اپیلیں یکجا کرنے کی ہدایت

618

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کےمشیربابراعوان کی نندی پورریفرنس سےبریت کیخلاف زیر التوا تمام اپیلیں یکجا کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق نندی پور پاورپراجیکٹ میں  تاخیرسے قومی خزانے کواربوں روپے نقصان پہنچانے کا نیب ریفرنس میں وزیراعظم عمران خان کےمشیربابراعوان کی بریت کیخلاف نیب اپیل کی سماعت اسلام آبادہائیکورٹ میں ہوئی۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی تاہم بابراعوان کی بریت کے خلاف نیب کی اپیل کی سماعت پر نیب سے کوئی پیش نہ ہوا۔

عدالت نے نندی پور ریفرنس میں احتساب عدالت کے فیصلے کیخلاف تمام زیر التوا اپیلیں یکجا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے 25 جون کو بابراعوان کی بریت کی درخواست منظور کی تھی تاہم جج ارشد ملک کو غیراخلاقی وڈیو سامنے آنے پرجولائی میں عہدے سے ہٹادیاگیا تھا۔

نیب نے بابراعوان کی بریت کے خلاف 4 جولائی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی جب کہ سابق سیکرٹری قانون مسعودچشتی سمیت دیگرملزمان نےاپیلیں دائرکیں۔

نیب اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ 11 مارچ 2019 کو بابر اعوان سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی، نندی پور پاورپراجیکٹ میں تاخیر سےقومی خزانے کو 27.3 ارب روپے کا نقصان پہنچا، احتساب عدالت نےپراسیکیوشن کو پوراموقع دیے بغیربابر اعوان کو بری کرنےکا فیصلہ سنایا لہذا احتساب عدالت کا ملزمان کو بری کرنے کا 25 جون کا فیصلہ کاالعدم قرار دیا جائے۔