ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی گرفتاری روک دی، عبوری ضمانت منظور

433

آمدن سے زائد اور منی لانڈرنگ کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف درخواست ضمانت کی سماعت پر عدالت میں قانونی ٹیم کے ہمراہ حاضر ہوئے،جسٹس طارق عباسی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کے  2 رکنی بینچ نے آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

شہبازشریف کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ نیب نے جو رکارڈ مانگا وہ دے دیا پھر بھی نیب گرفتاری کے لیے بے تاب ہے، عدالت نے فریقین کے ابتدائی دلائل سننے کے بعد شہبازشریف کی 17 جون تک ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے ملزم کو 5 لاکھ روپے کے  ضمانتی مچلکے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے نیب کو شہبازشریف کی گرفتاری سے روک دیا۔