سر میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والی فلسطینی بچی دم توڑ گئی

383

مقبوضہ بیت المقدس: سر میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والی 4 سالہ فلسطینی بچی دم توڑ گئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے اسوافیا علاقے کی رہائشی 4 سالہ بچی رفیف محمد کو مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم کے علیحدہ کرنے دیوار کے درمیان سر میں گولی لگی تھی۔

بچی کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ رفیف کے سر میں 21 مئی کو گولی لگی تھی، شروع میں وہ سمجھے کہ بچی دیوار سے گری ہے جس کی وجہ سے سر پر گہری چوٹ آئی تاہم اسپتال میں ڈاکٹرز نے گولی لگنے کی تصدیق کی۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں دار فانی سے کوچ کرگئی، ڈاکٹرز نے موت کی وجہ گولی سے دماغ کو پہنچنے والے گہرے زخم کو قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس واقعے میں ملوث کسی مشتبہ شخص کو گرفتار نہیں کرسکی ہے اور نہ ہی پتا چل سکا ہے کہ بچی کو گولی کس طرح لگی۔