جعلی ڈومیسائل سندھ حکومت کی نااہلی ہے ،محمدحسین محنتی

337

کندھ کوٹ(نامہ نگار)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جعلی ڈومیسائل سندھ حکومت کی نااہلی ہے،کمیشن جلدتحقیقات کرکے ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا اور جعلی ڈومیسائل منسوخ کیے جائیں،سندھ میں سخت لاک ڈاﺅن کے باوجود زیادہ کورونا کیسز اور اسپتالوں میں مطلوبہ سہولیات کے فقدان کی صورتحال نے حکومتی کارکردگی پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ وفاق این ایف سی ایوارڈ سمیت صوبے کو ان کا جائزحق دے کر احساس محرومی ختم کرے۔وفاقی اور صوبائی حکومت آپس میں لڑنے کے بجائے مل کر کورونا وبا کی اس مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت اور ملک کو بحران سے نکالنے کی حکمت عملی بنائیں۔ کندھ کوٹ سمیت سندھ میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے۔ قبائلی تصادم ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہےں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کندھ کوٹ میں امیر ضلع کشمور آغا عبدالفتاح پٹھان سےان کی رہائش گاہ پر والد کی وفات پر تعزیت اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ ،نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز، نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت مقامی رہنما بھی ساتھ تھے۔دریں اثنا انہوں نے روجہان مزاری میں جماعت اسلامی کے رہنما اور کشمور سے ایم ایم اے کے سابق امیدوار سردار شمشیر خان مزاری سے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت، مرحوم کی مغفرت درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔ محمد حسین محنتی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ جعلی ڈومیسائل سندھ حکومت کی نااہلی ہے جس طرح اچھے کاموں کا کریڈیٹ حکومت لیتی ہے تو یہ بدنما داغ بھی سندھ حکومت کے کھاتے میں جاتا ہے۔اس سے اصل حق داروں کے حق پر ڈاکا مارا جاتا ہے۔ کمیشن جلد تحقیقات کرکے ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا اور جعلی ڈومیسائل منسوخ کیے جائیں۔ جماعت اسلامی ظلم کے خلاف اور عدل کے نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔