فندز کا عدم اجرا، پیپلز پارٹی نے وفاق کیخلاف درخواست دائر کر دی

312

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزہارٹی اراکین قومی اسمبلی نے وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی فنڈز جاری نہ کرنے کے خلاف عدالت عالیہ میں آئینی درخواست دائر کردی۔منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبد القادر پٹیل ،آغا رفیع اللہ اور جام عبدالکریم بجار نے اپنے وکیل کے توسط سے دائر درخواست میں وفاقی حکومت اور وفاقی سیکرٹری خزانہ و دیگر کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے 21اراکین قومی اسمبلی میں سے 18کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز جاری کردیے گئے ہیںاور انہیں وفاقی حکومت نے فنڈز جاری نہیں کیے ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے کراچی سے تحریک انصاف اور ایم کیوایم کے اراکین قومی اسمبلی کو سیاسی رشوت کے طور پر فنڈز جاری کیے ہیں ، لہٰذا استدعا ہے کہ وفاقی حکومت کو پیپلزپارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کو بھی فنڈز جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔