لاہورہائیکورٹ‘ رمضان شوگر ملز کی درخواست ایس ای سی پی کوروانہ

127

لاہور(نمائندہ جسارت) لاہور ہائی کورٹ نے شریف خاندان کی رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان( ایس ای سی پی )کو دادرسی کے لیے بھجوا دی، عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ایس ای سی پی درخواست گزار کو سن کر قانون کے مطابق دادرسی کرے،قبل ازیں عدالت نے 20 مئی کو کیس کی سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔جسٹس عائشہ اے ملک نے رمضان شوگر ملز کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزارکی طرف سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ رمضان شوگر ملز کے خلاف کیسز نیب میں زیر التوا ہیں، ریفرنس کی وجہ سے نیب نے تمام اثاثے منجمد کر رکھے ہیں، بینک سے قرض کے لیے شیئرز ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ کرانے کی درخواست کی تھی تاہم ایس ای سی پی نیب میں کیسز ہونے کی وجہ سے شیئرز رجسٹرڈ نہیں کررہا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ایس ای سی پی کو رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ کرنے کا حکم دیا جائے۔