کشیدگی کے باجود واشنگٹن اور تہران میں قیدیوں کا تبادلہ

208

تہران انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی سائنسدان سیروس عسکری جیل سے رہا کیے جانے کے بعد منگل کے روز امریکا سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق تہران اور واشنگٹن حکومتوں کے مابین کئی معاملات پر جاری شدید کشیدگی کے دوران حالیہ اہم پیش رفت کا اعلان ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوست میں کیا۔ سیروس عسکری پر اپریل 2016ء میں تجارت سے متعلق خفیہ اور اہم معلومات چرانے کا الزام عائد کیا گیا تھا، تاہم گزشتہ برس نومبر میں اوہایو کے ایک جج نے انہیں الزامات سے بری کر دیا تھا۔ عسکری رواں برس اپریل میں کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے، جس پر حکام کا کہنا تھا کہ طبیعت بہتر ہو جانے پر انہیں واپس ایران جانے دیا جائے گا۔ ماہرین نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سیروس عسکری کی رہائی امریکا اور ایران کے مابین قیدیوں کے تبادلے کا حصہ ہو سکتی ہے اور اس سلسلے میں سیروس عسکری کے بدلے ایران میں 2 سال سے قید امریکی بحریہ کے ایک اہلکار مائیکل وائٹ کو رہا کر دیا جائے ۔واضح رہے کہ دوطرفہ کشیدگی کے باوجود تہران اور واشنگٹن حالیہ برسوں کے دوران 2 مرتبہ قیدیوں کا تبادلہ کر چکے ہیں۔ 2016ء میں امریکا نے واشنگٹن پوسٹ کے صحافی جیسن رضائیان کی رہائی کے بدلے ایسے 7 ایرانی شہریوں کو رہا کیا تھا، جو امریکا میں قید تھے۔ گزشتہ برس دسمبر میں بھی ایرانی سائنسدان مسعود سلیمانی کے بدلے ایران نے چینی نژاد امریکی ماہر تعلیم ژیو وانگ کو رہا کیا تھا۔