عمربن عبدالعزیزؒ و اہلیہ کے مزارارت کی توہین پر امت مسلمہ کی خاموشی لمحہ فکر ہے

222

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرالمومنین حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ اور ان کی اہلیہ محترم کے مزارات کی بے حرمتی اُمت مسلمہ میں فساد اور انتشار پیدا کرنے کی مذموم سازش ہے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا قبیح فعل جس نے بھی کیا ہے وہ یقینی طور پر انتہائی قابل مذمت ہے اور اس پر اُمت مسلمہ کی خاموشی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں ایسے واقعات کی آڑ میں اُمت مسلمہ میں مزید انتشار پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتی ہیں اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر عالمی طاقتوں کے ایجنڈے کی تکمیل میں ان کے آلہ کار ہیں اور دشمنانِ اسلام کے ایجنٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کی خلافت کا ڈھائی سالہ دور اُمت مسلمہ کا عہد زریں تھا جو یقیناً دین اسلام کی برکات اور عوامی خوشحالی کے حوالے سے خلافت راشدہ کے بعد ایک یادگار عہد تھا۔ انہوں نے کہا کہ اُمت مسلمہ کو متحد ہو کر ایسے تخریبی واقعات کی روک تھام کے لیے متفقہ لائحہ عمل بنانا چاہیے۔ خاص طور پر او آئی سی، عرب لیگ اور دیگر تمام اسلامی عالمی فورمز کو اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے اور حکومتِ شام کو مجبور کرنا چاہیے کہ جو بھی عناصر اس افسوسناک واقعہ میں ملوث ہیں انہیں فی الفور گرفتارکرکے عبرتناک سزا دے۔