ملک صنعت اورکاروبار کی طویل بندش کا متحمل نہیں ہوسکتا،ایس ایم منیر

152

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر شیخ عمر ریحان، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت اور نائب صدر سید واجد حسین نے صنعتی اور کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے حالات کے تقاضوں کے عین مطابق قرار دیا ہے۔ ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے بحران کے پیش نظر زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے جو حکمت عملی تشکیل دی ہے وہ قابل تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت اور غربت و بے روزگاری کی صورت حال کو پیش نظر رکھا جائے تو ہم بحیثیت قوم صنعتوں اور کاروبار کی طویل بندش کے متحمل نہیں ہوسکتے اس لیے وزیر اعظم کی جانب سے درست سمت میں اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی وزیر اعظم کی اپیل پر بزنس کمیونٹی بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہے اور عوام کو بھی اس کا پورا خیال رکھنا چاہیے۔ کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں معاشی سرگرمیوں کو بحال کرنے پر وزیر اعظم کے شکر گزار ہیںکیونکہ طویل لاک ڈائون کے سبب صنعتیں اور کاروبارمعاشی بدحالی کا شکار ہو گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی مکمل بحالی ناگزیر ہے اس جانب اقدامات کرنا ہوں گے ورنہ ملک کورونا وبا ء کے ساتھ ساتھ تباہ کُن معاشی بحران کی لپیٹ میں آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اس حوالے سے اپنی اپروچ درست رکھی ہے ہم امید کرتے ہیں کہ صوبائی سطح پر بھی صنعتوں کو مکمل فعال رکھنے کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے اب کام کی اجازت دینے سے دو قدم بڑھ کر پیداواری لاگت میں کمی اور دیگر آسانیاں بھی فراہم کرنا ہوں گی۔