آٹے کا مصنوعی بحران شروع ، شدت مزید بڑھے گی،شاہد رشید

293

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بڑے خطرات سروں پر منڈلا رہے ہیں۔ ٹڈی دل نے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں اجاڑنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے جس سے غذائی قلت کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ ذخیرہ اندوز مافیا نے آٹے کے مصنوعی بحران کے ذریعے عوام کو بھوکا مارنے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔منافع خوروں کی حوصلہ شکنی نہ کی گئی تو وقت کے ساتھ اس بحران میںشدت آتی جائے گی جس سے بے چینی عدم استحکام اور خانہ جنگی بھی جنم لے سکتی ہے۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اگر حقیقی کارروائی کے بجائے تسلی بخش بیانات اور اعلانات جاری رہے تو آڑھتی، زمیندار، ہول سیلر اور فلور ملز مافیاسال رواں کے آخر تک آٹے کو چینی سے مہنگا کر دیں گے۔انھوں نے کہا کہ اگر ان مجرموں کے خلاف نتیجہ خیز کارروائی ممکن نہیں تو ریگولیٹری ڈیوٹی میں چھ فیصد کمی کر کے گندم کی فوری درآمد شروع کی جائے تاکہ عوام کے ان دشمنوں کا حوصلہ ٹوٹ جائے۔ہر سال جولائی اور اگست میں بین الاقوامی منڈی میں گندم کی قیمت کم تر ین سطح پر ہوتی ہے جس سے فائدہ اٹھایا جائے کیونکہ امسال صرف پنجاب کی گندم کی پیداوار میں سات سے دس لاکھ ٹن کی کمی متوقع ہے۔