پی سی بی کا رواں برس ایک اور ہوم سیریز کا منصوبہ

162

لاہور(جسارت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کے انعقاد کے خدشات کے پیش نظر ایک اور ہوم سیریز کے لیے مختلف پہلووں پر کام شروع کردیا ہے۔پی سی بی کووڈ-19 سے پیدا شدہ حالات بہتر ہونیکی صورت میں اکتوبر اور نومبر میں مختصر طرز کرکٹ کی ہوم سیریز کے لیے کام کررہا ہے۔پی سی بی کی جانب سے انگلینڈ کو 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی دعوت دینے کے لیے سوچ بچارجاری ہے۔ خیال رہے کہ پی سی بی حکومت پاکستان کی باقاعدہ اجازت کے بعد جولائی میں3 ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل مکمل سیریز کیلئے انگلینڈ جانے پر اتفاق کرچکا ہے۔مصدقہ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے اجلاس کے بعد پی سی بی 3 نئے منصوبوں پرکام کررہا ہے جہاں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے اہم فیصلے لیے جانے تھے لیکن اجلاس 10 جون تک ملتوی کردیا گیا۔اطلاعات ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ منعقد نہیں ہوگا گوکہ کرکٹ آسٹریلیا اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ٹورنامنٹ کے آئندہ سال انعقاد پر متفق نہیں ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کی خواہش ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آئندہ سال تک ملتوی ہو اور بھارت 2021ء کے بجائے 2022ء میں ورلڈ کپ کی میزبانی کرے۔پی سی بی نے آئی سی سی کے اجلاس سے قبل بی سی سی آئی کے فیصلے سامنے آنے کے معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایا ہے اور معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔آئی سی سی سے دیگر کرکٹ بورڈز نے بھی اس معاملے پر احتجاج کیا اور فیصلوں کے حوالے سے خبریں منظر عام پر آنے کو تشویش ناک قرار دیا۔اجلاس میں آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے اراکین کی سربراہی میں عالمی ماہرین کے تعاون سے فوری طور پر آزادانہ تحقیقات کروانے پر اتفاق کیا گیا۔خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم جولائی میں انگلینڈ جائیگی جہاں دورے کا آغاز 5 اگست کو پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور3 ٹی20 میچز کی سیریز کھیلے کی اور دورے کا آغاز 5اگست کو پہلے ٹیسٹ میچ سے متوقع ہے۔طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ 5 سے 9اگست تک مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 13 سے 17 اگست جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک ایجبسٹن میں کھیلا جائیگا۔ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3ٹی20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائیگی اور تینوں میچز اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں بالترتیب 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو منعقد ہوںگے۔