سندھ کے وزیر کچی آباد ی کورونا سے جاں بحق،ملک بھر میں مزید 79افراد ہلاک

331

کراچی/اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں) سندھ کے وزیر کچی آبادی اور پیپلز پارٹی ملیر کے صدر غلام مرتضیٰ بلوچ منگل کو انتقال کرگئے۔ وہ کورونا کے مرض میں مبتلا تھے‘ وہ4 اگست 1964ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گریجویشن کراچی سے کیا‘ وہ پارٹی کے دیرینہ کارکن اور رہنما تھے‘وہ 2 مرتبہ ٹائون ناظم گڈاپ رہے‘ وہ 2013ء میں بھی ایم پی اے رہے‘ 2018ء کے عام انتخابات میں ملیر سے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس88 سے ایم پی اے منتخب ہوئے‘وہ وزیر محنت بھی رہے‘وہ شادی شدہ اور ان کے6 بچے ہیں۔ پی پی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے بتایا کہ مرتضیٰ بلوچ ملنسار اور رحم دل انسان تھے۔ دریں اثنا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزرا سعید غنی، ناصر حسین شاہ، امتیاز شیخ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، وقار مہدی، مسلم لیگ فنکشنل کے جنرل سیکرٹری سردار عبدالرحیم ودیگر نے غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہارتعزیت کیا ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری اہلیہ اور بیٹے کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے پہلے ٹیسٹ کرایا تو منفی آیا تھا اب ٹیسٹ مثبت آگیا۔ علاوہ ازیں ملک میں کورونا سے مزید79 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد1653ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 78290 تک پہنچ گئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اور میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 16 ہزار 548 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے‘ 824 کورونا متاثرین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے‘ اب تک سندھ میں 526، پنجاب 540، خیبر پختونخوا 482، بلوچستان49، اسلام آباد30، گلگت بلتستان11 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ منگل کو ملک بھر سے کورونا کے مزید3943 کیسز اور 79 ہلاکتیں سامنے آچکی ہیں جن میں پنجاب سے1610 کیسز، 43 ہلاکتیں‘ سندھ 1439کیسز، 23 ہلاکتیں‘ خیبر پختونخوا سے 412کیسز، 8 ہلاکتیں‘ بلوچستان121کیسز، 2 ہلاکتیں‘ اسلام آباد304 کیسز،2 ہلاکتیں اور آزاد کشمیر سے16 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 7116ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس سے مزید 23 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ 1439 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 953 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ 5454 ٹیسٹوں سے 1439 نئے کیسز سامنے آئے ہیں‘ حکومت نے مجموعی طور پر192546 ٹیسٹ کرائے ہیں جس میں 31086 کیسز ظاہر ہوئے ہیں‘ 23 مزید مریضوں کی ہلاکت کے ساتھ اموات کی تعداد 526 ہوگئی ہے‘358 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ان میں سے 64 کو وینٹی لیٹرز پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حوصلہ افزا ہے کہ 953 مزید مریض صحتیاب ہوئے‘ اب تک 15538 مریض صحتیاب ہوئے ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ 1439 کیسز میں سے 1035 کا تعلق کراچی سے ہے۔ بلوچستان حکومت کی جانب سے پیر کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تاہم بروز منگل کو جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید121 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی‘ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد1565 ہوگئی ہے۔ پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 169افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔آزاد کشمیر میں اب تک170افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں منگل کو مزید8 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگئے ‘ اب تک 3085 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں پیر کو مزید 27 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 527 ہے۔