سندھ حکومت کا ایس او پیز کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان

266

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے صوبے بھر میں اندرون شہر ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان کردیا ،کاروبار کھلا رکھنے کا وقت شام 7بجے تک ہے اور ہفتہ اتوار مکمل لاک ڈائون ہوگاتاہم ضروری دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھلے رکھے جائیں گے۔منگل کو وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وزیر برائے ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ ، صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ میر شبیر بجارانی اور ترجمان سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون ، ماحولیات اور ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کہا کہ بلاول زرداری کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹاسک فورس بنائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے مؤثر لاک ڈائون کا بھی مطالبہ کیا تھا جس کے اچھے نتائج سامنے آتے۔ لیکن اب وقت گزر چکا ہے وائرس پھیل چکا ہے اس لیے سب چیزوں کو بند بھی نہیں رکھا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ جات کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھولا جائیگا اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ تمام ایس او پیز پر عمل کرائے وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ہم ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اور اسپتالوں کے عملہ پر تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں کہتے کہ فیڈرل گورنمنٹ کام نہیں کر رہی ہے لیکن الارمنگ صورتحال ہے اسے سنجیدگی سے لینا ہوگا۔اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اجلاس ہوا اور ہم نے ایس او پیز طے پہلے ہی کرلی تھی جس میں تمام ٹرانسپورٹرز کو اعتما د میں لیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ آج سے شروع ہوجائے گی اور آن لائن پبلک ٹرانسپورٹ بھی شروع ہوگی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ انٹر سٹی بسز کو اجاز ت نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل این سی سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تینوں صوبوں نے ٹرانسپورٹ شروع کردی تھی لیکن سندھ میں ہم نے سب ٹرانسپورٹرز کو آن بورڈ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز کا فرض ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کروائیں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ایس او پیزپر عملدرآمد ہوگا اور خلاف ورزی نہیں ہونے دیں گے۔اس موقع پر وزیر برائے پبلک ہیلتھ میر شبیر بجارانی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کشمور کے 90کیسز ہوگئے ہیں اور ہندو کمیونٹی میں بہت تیزی سے وائرس پھیلا ہے انہوں نے کہا کہ تینوں تحصیل میں متاثرہ افراد کو آئسولیشن میں رکھا ہے اور کئی اموات بھی ہوئی ہیں انہوں نے کہا کہ ایسے بھی کیسز ہے جنہیں ٹیسٹ نہیں کیا گیا ہے ۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس وائرس سے ڈرنا نہیں ہے لڑنا ہے اس کی کوئی ویکسین دریافت نہیں ہوئی ہے کوئی علاج نہیں ہے عوام کی رہنمائی کرنے کی ضرورت ہے اس لیے غیر ضروری طور پر سے گھروں سے نہ نکلیں اگر گھر سے باہر نکلنا بہت ضروری ہے تو ماسک پہن کر نکلیں۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 26 فروری سے سندھ میں اسکول بند ہیں اسوقت سندھ میں ایک ہزار 148دس سال سے کم عمر بچے کورونا پوزیٹوو آئے ہیں شاید احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے متاثر ہوئے اسی طرح مرد حضرات زیادہ متاثر ہورہے تھے رمضان کے مہینے سے متاثرہ خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایک خطرناک حقیقت ہے جسکا کوئی علاج نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک ہفتہ میں اموات اور متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے معلوم ہوا ہے کہ صورتحال بہتر نہیں ہے۔