تباہ شدہ طیارے کے ڈیٹا فلائٹ ریکارڈر کو ڈی کوڈ کرنیکا کام شروع

202

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ائر بس کمپنی کے ماہرین نے پی آئی اے کے تباہ ہونے والے طیارے کے ڈیٹا فلائٹ ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کو ڈی کوڈ کرنے کا کام منگل سے شروع کردیا ہے ۔ ائر بس کی 9 رکنی ٹیکنیکل ٹیم پیر کو ڈیٹا فلائٹ ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کو اپنے ساتھ لے کر فرانس میں ائر بس کے ہیڈکوارٹر طلوس پہنچی تھی۔ پاکستان میں ہوائی جہازوں کے حادثات کی تحقیقات کرنے والے ادارے اے آئی آئی بی کے سربراہ بھی ائر بس کی ٹیم کے ساتھ طلوس گئے ہیں ۔ ان کی موجودگی میں ہی دونوں آلات کی ڈی کوڈنگ کی جائے گی ۔ ائر بس کے ذرائع کے مطابق ائر بس کے ہیڈکوارٹر میں ائر بس کی ٹیم کا پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کے ہمراہ پہلا رابطہ اجلاس بھی (کل) منگل کو ہوا ہے۔ ائر بس حکام کا کہنا ہے کہ بلیک باکس کے دونوں حصوں کو پاکستانی ٹیم کے سربراہ کی موجودگی میں ڈی کوڈ کیا جا رہا ہے۔ 22 مئی کو کراچی میں جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ کے قریب ماڈل کالونی میں لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز گر کر تباہ ہوگئی تھی ۔ طیارے میں9 رکنی عملے سمیت 99 افراد سوار تھے جس میں سے 2 افراد خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔