جعلی اکائونٹس کے اہم ترین کردار اومنی گروپ کے سربراہ کو ریلیف نہ مل سکا

154

اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ سے جعلی اکاؤنٹس کے اہم ترین کردار اومنی گروپ کے سربراہ کو ریلیف نہ مل سکا۔ عدالت نے آصف زرداری کے قریبی ساتھی خواجہ انور مجید کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ۔گزشتہ روز جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز نے خواجہ انور مجید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ خواجہ انور مجید ریلیف کے مستحق نہیں۔ اومنی گروپ کے سربراہ خواجہ انور مجید نے طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا تھا کہ انھیں بیرون ملک سے علاج کرانے کی استدعا کر رکھی تھی ۔خواجہ انور مجید منی لانڈرنگ ، شوگر سبسڈی میں کرپشن سمیت کئی مقدمات میں مرکزی ملزم ہیں انور مجید پر شوگر سبسڈی اپنے ملازمین کو جعلی کاشتکار ظاہر کر کے ہڑپ کرنے کا الزام بھی ہے ۔خواجہ انور مجید کا جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ میں مرکزی کردار بھی ہیں۔