تیل کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کم ہوئی نہ عوام کو ریلیف ملا، سراج الحق

187

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی میں کمی آئی نہ عوام کو کوئی ریلیف ملا۔تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں اضافہ ہوتا اور ہر چیز کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں مگر2بارپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود کسی ایک چیز کی قیمت میں کمی نہیں آئی۔ حکومت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مسافروں کو بھی کرائے کی مد میں کوئی ریلیف نہیں مل سکا۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ایک طرف کورونا اور دوسری طرف مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔کورونا کی وجہ سے کاروبار بند ہیں خاص طورپر دہاڑی دارمزدور اور محنت کش دہری مصیبت سے دوچار اور انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق کورونا کی وجہ سے ایک کروڑ 73لاکھ لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں اور6 کروڑ کے قریب مزیدخط غربت سے نیچے لڑھک گئے ہیں۔حکومت عوام کومہنگائی کے حوالے کرکے خود کہیں سو گئی ہے۔تیل کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دینے کے دعوے کرنے والے وزیراعظم آٹے چینی دالوں اور سبزیوں کی قیمتوں کے متعلق کچھ نہیں جانتے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے ہاتھوں پریشان غریب خود کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔لوگوں کو 2 وقت کا کھانا نہیں مل رہااور وزیراعظم اور ان کی کابینہ تیل کی قیمتوں میں کمی کرکے پھولے نہیں سما رہی حالانکہ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی مارکیٹ میں ہونے والی کمی کا عشر عشیر بھی عوام کو نہیں دیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مئی 2019ء کے مقابلے میں مئی2020ء میں مہنگائی کی شرح میں 10 فیصد اضافہ ہوا۔رمضان المبارک میں مہنگائی آوٹ آف کنٹرول رہی اور تمام حکومتی ادارے مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہے۔حکومت کے اپنے ادارے رواں مالی سال میں مہنگائی میں ساڑھے 11 فیصداضافے کی نوید سنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں چکن ،آلو ،پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ ہوا مگر حکمران آنکھیںاور کان بند کیے بیٹھے ہیں اور زبان سے صبح و شام کورونا کورونا کا ورد کررہے ہیں۔کورونا پر بھی حکومت سوائے نشستند،گفتند اور برخاستند کے سوا کچھ نہیں کرسکی۔