حکومت سندھ کا ‘کے ایم سی’ میں بغیر اجازت بھرتیوں کا نوٹس،سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم معطل 

629

کراچی (رپورٹ:محمد انور)حکومت سندھ نے بلدیہ عظمٰی کراچی میں خلاف ضابطہ بھرتیاں کرنے کے لیے اشتہار دینے کا نوٹس لے کر سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی  کو معطل کردیا ہے جبکہ ان کے خلاف انکوائری کا حکم بھی دے دیا ہے ۔

سرکاری ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ نے چند روز قبل مختلف  اخبارات میں ایک سو ایک بھرتیوں کے حوالے سے شائع ہونے والے اشتہارات کا نوٹس لیا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کے ایم سی حکام سے صوبائی حکومت کے علم میں لائے بغیر اور اجازت کے بغیر بھرتیاں کرنے کے فیصلے پر عمل کرنے کے بارے میں جواب طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر کی ہدایت پر سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ نے کے ایم سی کے  سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی کی معطلی کا حکم جاری کردیا ہے ۔ جمیل فاروقی پر اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام ہے حکم میں جمیل فاروقی کو حکومت کے محکمہ بلدیات میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔