حکومت صحت پر سیاست نہ کرے، لوگوں کی زندگیوں کا معاملہ ہے: مریم  اورنگزیب

315

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صحت پر سیاست نہ کرے، لوگوں کی زندگیوں کا معاملہ ہے۔

ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک بھرمیں ڈاکٹرز اور طبی عملہ کورونا کا شکار ہو رہا ہےجس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، صحت پر سیاست نہ کریں، لوگوں کی زندگیوں کا معاملہ ہے، اس پر تو سچ بولیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی بھی عارضی انتظام پر چلائی جارہی ہے، ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ ابھی تک عارضی چارج پر چل رہے ہیں۔ پمز، پولی کلینک دیگراسپتال ابھی تک عارضی چارج پرچل رہےہیں، فیڈرل گورنمنٹ اسپتال کو آج تک کورونا مریضوں کے لئے تیار نہیں کیا گیا۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ دیگر آئی سی یوز سے وینٹی لیٹرز کی منتقلی مجرمانہ عمل ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پولی کلینک میں صرف 4 کورونا کیسز کے لئے وینٹی لیٹرزہیں ایک بھی اضافی نہیں۔ جن 90 وینٹی لیٹرز کا دعویٰ کیا جا رہا ہے وہ کہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹرز اسپتالوں میں کیوں نہیں ہیں، پھرجھوٹ بولا جا رہا ہے کہ 90 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں، 77 کا جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ہے، ہنگامی طور پر منتقل کئے گئے وینٹی لیٹرز میں انفیوشن پمپس موجود نہیں، کل 14 وینٹی لیٹرز پمز آئیسولیشن وارڈ منتقل ہوئے جو فنکشنل نہیں۔