پیدل چلنے کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پابندی کیلیے قانون سازی

364

جاپان میں پیدل چلنے کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پابندی کے لیے بل منظوری کے لیے پیش کر دیا گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ٹوکیو سے ملحقہ شہر یماٹو کے میئر نے مقامی اسمبلی میں ایک بل منظور کے لیے پیش کیا ہے جس کے ذریعے راہ گیروں کے لیے موبائل فون کا استعمال ممنوع قرار دیا جانا ہے۔

اس پابندی کا مقصد پیدل سفر کے دوران موبائل فون کے استعمال سے بڑھتے ہوئے حادثات کو روکنا ہے۔

میئر کا کہنا ہے کہ پیدل چلنے کے دوران موبائل فون کے استعمال سے ہونے والے حادثات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، خصوصاً پر ہجوم مقامات پر دھکم پیل اور ٹکرانے کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ بل منظور ہوگیا تو یماٹو جاپان کا پہلا شہر ہوگا جہاں اس قسم کی پابندی عائد ہوگی، میئر کا مزید کہنا تھا کہ فیس ماسک کے ساتھ ساتھ موبائل فون کا راہ چلتے استعمال سے ہونے والے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے سخت اقدام اٹھایا گیا ہے۔