وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، اہم فیصلے متوقع

669

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر رکھاہے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ کابینہ اجلاس کا 9 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کردیا گیاہے، اجلاس میں بجٹ2020-21 سے متعلق پیش رفت سمیت ملکی سیاسی، معاشی امور اور کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گااس حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج (منگل )کی دوپہر 12 بجے وزیر اعظم ہائوس میں طلب کرلیا ہے۔ کابینہ ملکی سلامتی، علاقائی صورتحال اور چین بھارت سرحدی معاملات پر غور کرے گی، کابینہ کو پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جاں بحق مسافروں کی میتوں کی شناخت اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے بھی اعتمار میں لیا جائے گا ۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کو ملک بھر میں فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے کی صورتحال پر این ڈی ایم اے اور وزارت فوڈ سیکورٹی کے حکام مشترکہ بریفنگ دیں گے۔

وفاقی کابینہ ایشیائی ترقیاتی بینک کو اسلام آباد میں دفتر کی تعمیر، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل کے ڈیپوٹیشن پر تقرر، چیئرمین نیشنل شپنگ کارپوریشن کراچی کے تقرر ، یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کی ملازمت کو لازمی سروسز کا حصہ قرار دینے کی منظوری دے گی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد سعد قریشی کی بطور جج بینکنگ کورٹ کراچی ڈیپوٹیشن میں توسیع کی منظوری دی جائے گی جبکہ جوڈیشل آفیسرز کے تقرر کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر غور آئے گا۔

کابینہ اجلاس میں جی ایچ پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے تقرر کی منظوری دے گی۔