آباد نے ڈی سی اور مختیارکار ویسٹ کو لینڈ مافیا کا سہولت کار قرار دے دیا

538

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ایسوسی ایشن بلڈر اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے ڈپٹی کمشنر غربی،اسسٹنٹ کمشنر اور مختیار کار منگھوپیر کو لینڈ مافیا کا سہولت کار قرار دیتے ہوئے چیئرمین اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سے مذکورہ افسران کیخلاف فوری تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے۔

آباد کے سینئر وائس چیئرمین محمد سہیل ورند نے چیئرمین اینٹی کرپشن کو بھیجے گئے اپنے لیٹرز میں  واضح کیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے تعمیراتی صنعت کیلئے دیئے گئے ریلیف پیکیج کو کرپٹ عناصر تباہ کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔

آباد نے سفاری بلڈر کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ وہ آباد کے ممبر ہیں اور ان کی 20ایکٹر قیمتی اراضی پر ڈپٹی کمشنر غربی فیاض عالم سولنگی ، اسسٹنٹ کمشنر منگھوپیر سجاد ابڑو،اور مختیار کار منگھوپیر قاضی حمود الرحمن ود دیگر افسران کی سرپرستی میں لینڈ مافیا نے قبضہ کیا ہے۔

مذکورہ اراضی سفاری بلڈر کو پہلے سے ٹمبر مارکیٹ کیلئے الاٹ ہے جس پر مبینہ جعلسازی سے قبضہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ ادارے ایم ڈی اے کو بھی نہ اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی انہیں آگاہ کیا گیا۔

آباد حکام نے چیئرمین اینٹی کرپشن کو آگاہ کیا ہے کہ قبضے میں لینڈ گریبر عالم بہاری ودیگر افراد ملوث ہیں جبکہ محکمہ ریونیو کے افسران ان کی سرپرستی کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر غربی کی جانب سے کی گئی مذکورہ غیر قانونی کارروائی کے حوالے سے سفاری بلڈر نے پہلے ایم ڈی اے کو بھی تحریری طور پر آگاہ کیا تھا جس پر ایم ڈی اے کے ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ نے سفاری بلڈر کو الاٹ شدہ مذکورہ اراضی کے حوالے سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سمیت دیگر حکام کو درست صورتحال سے آگاہ کردیا تھا کہ مذکورہ لینڈ سفاری بلڈر کو الاٹ شدہ ہے جس پر غیر قانونی طور پر ڈپٹی کمشنر غربی،اسسٹنٹ کمشنر منگھوپیر اور مختیار کار منگھوپیر نے پولیس کے ہمراہ کارروائی کی جس کے بعد لینڈ مافیا نے قیمتی اراضی ہتھیانے کیلئے زمین پر قبضہ شروع کردیا ہے۔