پنگریو،پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں،20 ملزمان گرفتار

276

پنگریو (نمائندہ جسارت) سی آئی اے اور دیگر تھانوں کی پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری۔ کچی شراب کی متعدد بھٹیوں کو مسمار کر کے 1036 لیٹرز کچی شراب، 8340 گٹکے، 200 گرام چرس اور گٹکا بنانے کا خام مال برآمد۔ کارروائیوں کے دوران 20 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کرلیے گئے۔ ایس ایس پی بدین حسن سردار نیازی کی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں کا عمل تیز کیا گیا ہے، انچارج سی آئی اے پولیس بدین انسپکٹر قربان علی ملاح کی سربراہی میں ضلع کے مختلف مقامات پر کارروائیوں کے دوران 7 منشیات فروشوں کے قبضے سے 40 لیٹر کچی شراب، عبدالجبار ملاح، محمد اسلم جت، حبیب اللہ جت، نیاز علی جت اور معشوق علی چانڈیو کے قبضے سے 1000 گٹکے اور ویرسی کولھی کی کچی شراب کی بھٹی پر چھاپے کے دوران 376 لیٹر کچی شراب برآمد کرکے بھٹی مالک کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ ٹنڈو غلام علی انسپکٹر محمد نواز سرائی مع اسٹاف نے مختلف مقامات پر کارروائیوں کے دوران 4 سفینہ ڈیلر عبدالحسین آرائیں، غلام رسول خاصخیلی، محمد تصور رحمانی اور سہیل بھرگڑی کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 15750 سفینہ گٹکے اور ایک کرولا کار برآمد کرلی گئی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ ٹنڈو غلام علی نے مزید کارروائی کے دوران 2 گٹکا فروش ملزمان قاسم تالپور اور عالم لاشاری کو کورے کار AHU 468 سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ کار کی تلاشی کے دوران گٹکا بنانے کا خام مال تمباکو 9 کلو گرام، لونگ 4 کلوگرام، سپاری چورہ 37 کلو گرام، کتھا 4 کلوگرام اور پیکنگ شاپر 3 کلو گرام برآمد کرلیے۔ پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے۔ ایس ایچ او تھانہ کڈھن سب انسپکٹر عبدالستار گنبھیر مع اسٹاف نے دورانِ گشت کارروائی کر کے گٹکا فروش لکھاڈنو درس کو گرفتار کر کے 210 سفینہ گٹکے برآمد کرلیے۔ مزید کارروائی کے دوران 200 گرام چرس برآمد کرلی جبکہ چرس فروش شعیب لوھار فرار ہوگیا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ گلاب لغاری سب انسپکٹر ریاض حسین رند مع اسٹاف نے کچی شراب کی بھٹی پر چھاپا مار کر 350 لیٹر کچی شراب برآمد کرلی۔ پولیس نے دورانِ کارروائی بھٹی مالک عبداللطیف عرف راول مغل کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ کھوسکی سب انسپکٹر محمد ایوب خاصخیلی مع اسٹاف نے جاموں کولھی کی کچی شراب کی بھٹی پر چھاپا مار کر 250 لیٹر کچی شراب برآمد کرلی ہے۔ پولیس نے بھٹی مالک جاموں کولھی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ کھورواہ سب انسپکٹر عمران حفیظ گنبھیر مع اسٹاف نے دورانِ گشت کارروائی کر کے منشیات فروش مانو کولھی کو 10 لیٹر کچی شراب سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ شہید فاضل راہو مع اسٹاف نے دورانِ گشت کارروائی کر کے گٹکا فروش راجیش عرف راجو کاریو کو 610 گٹکا سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔ ایس ایچ او تھانہ راجو خانانی مع اسٹاف نے دورانِ گشت کارروائی کر کے 10 لیٹر کچی شراب برآمد کرلی جبکہ منشیات فروش عبدالعزیز عرف بگو نظامانی فرار ہوگیا، ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔