عمران خان18 ترمیم کو کوسنے کے بجائے اپنا قبلہ درست کریں، مولا بخش چانڈیو

356

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے وزیر اعظم کی نیوز کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اٹھارہویں ترمیم کو کوسنے کے بجائے اپنا قبلہ درست کریں۔عید پر ٹرینیں اور ٹرانسپورٹ چلاکر کورونا کو بڑے شہروں سے دیہی علاقوں تک منتقل کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے کورونا پھیلا کر اب پورا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے ۔عمران خان نے پالیسی دینے کے بجائے پھر کھوکھلا بھاشن دیا۔کورونا کے متعلق عمران خان کی غیرسنجیدگی کے بھیانک نتائج نکلے ہیں۔لاک ڈاﺅن ختم کرنے سے صرف ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں، اس پر بھی خان صاحب اور ان کے ہمنوا وزرا کہتے ہیں کہ کورونا مریض انڈونیشا سے کم ہیں۔ایک ماہ میں گیارہ سو افراد کی ہلاکت سے بھی وفاقی حکومت کا کلیجہ ٹھنڈا نہیں ہوا۔لاک ڈاﺅن تھا تو عمران خان روزانہ لوگوں کو اکسانے ٹی وی پر آ جاتے تھے اورلاک ڈاﺅن ختم کر کے لوگوں کو کورونا کے رحم و کرم پر چھوڑ کر بھی غائب ہو گئے آج پھر ٹی وی پر آئے تو مربوط پالیسی دینے کے بجائے لاک ڈاﺅن کے خلاف خطاب فرمایا دیا۔انہوںنے کہاکہ عید پر ٹرانسپورٹ اور ٹرینیں چلا کر بڑے شہروں سے کورونا کو دیہی علاقوں کی طرف منتقل کیا گیا۔کورونا لوگ نگل رہا ہے اور نیرو بنی گالہ میں بیٹھ کر بانسری بجا رہا ہے ۔کورونا کے پھیلاﺅ اور اس سے ہونے والے جانے نقصان کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے خان صاحب اپنے فیصلوں کے بھیانک نتائج کی ذمہ داری سے فرار نہیں ہو سکتے عمران خان اٹھارہویں ترمیم کو کوسنے کے بجائے اپنا قبلہ درست کریں۔