لوگ کورونا ہی نہیں حکومتی نااہلی سے بھی مررہے ہیں‘ مریم نواز

154

لاہور (نمائندہ جسارت) سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی، ن لیگ کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نوازشریف سنڈروم کے لاعلاج مرض میں مبتلا ہے‘ لوگوں کی جانیں صرف کورونا وائرس سے نہیں بلکہ نااہلی اور مجرمانہ غفلت کی وجہ سے بھی جا رہی ہیں۔ لاہور میں کورونا وائرس کے 6 لاکھ مریضوں کی پیشگوئی کی خبر پر ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف ڈاکٹروں کی ہدایت پر چہل قدمی کر رہے تھے‘ میاں صاحب کی چہل قدمی پر تبصروں کا مقصد اصل تباہی سے توجہ ہٹانا ہے‘ باتیں کرنے والوں کو اگر کام آتا ہے تو کام کریں ‘ اگر نہیں آتا تو کسی سے پوچھ لیں۔ مریم نواز نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ نااہل حکومت غفلت کی مرتکب ہو رہی ہے‘ حکومت کو وبا سے نمٹنے کے بجائے نواز شریف کی فکر لاحق ہے‘ حکومت کی ترجیحات عوام کی خدمت نہیں کچھ اور ہے‘ عوام کی خدمت کریں یا کسی اور کو کرنے دیں۔ خیال رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لاہور میں اسمارٹ سیمپلنگ کے ذریعے کورونا کی علامات کے حامل 6 لاکھ70 ہزار 800 کیسز کا محتاط اندازہ لگایا گیا ہے۔