حکومت جھوٹ بول کرقوم کی زندگی سے کھیل رہی ہے ‘ مریم اورنگزیب

200

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر صحت عمران صاحب لاپتا ہیں اور صحت کا نظام ٹھیکے پر چل رہا ہے اور حکومت جھوٹ پر جھوٹ بول کر قوم کی زندگی سے کھیل رہی ہے۔ اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کورونا مریضوں کی تعداد 2400 سے زاید ہوچکی ہے اور صرف 12 وینٹی لیٹر کام کررہے ہیں‘ اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں کل 90 بستر کے کورونا آئسولیشن وارڈ کے سوا اور کوئی انتظام نہیں‘ لواحقین اپنے کورونا مریضوں کی جان بچانے کیلیے وینٹی لیٹرز کے حصول کی خاطر سفارشیں اور منتیں کرنے پر مجبور ہیں۔ ترجمان (ن) لیگ وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے اسپتال پمز میں 9 وینٹی لیٹرز کام کر رہے ہیں‘ اسلام آباد کے دوسرے بڑے اسپتال پولی کلینک میں کورونا مریضوں کیلیے صرف 10 بستروں کا آئسولیشن وارڈ قائم ہے اور یہاں صرف4 وینٹی لیٹرز ہیں‘ بتایا جائے کہ کورونا مریضوں کیلیے جو وینٹی لیٹرز آئے تھے‘ وہ کہاں ہیں؟ ان وینٹی لیٹرز میں سے اسلام آباد کے اسپتالوں کو کتنے ملے؟