کوئٹہ میں بلند و بالا عمارتوں کی تعمیرسے شدیدخطرات لاحق ہیں‘ڈپٹی کمشنر

105

کوئٹہ (نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میجر (ر) اورنگزیب بادینی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر زلزلے کے حوالے سے ریڈ زون میں واقع ہے، شہر میں بلند و بالا عمارتیں تعمیر ہونے سے لوگوں کی جانوں کو شدیدخطرات لاحق ہیں اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے بلڈنگ کوڈ پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ شہر میں اکثر و بیشتر بلڈنگ میں اینٹ کے بجائے سیمنٹ کے بلاکس کا استعمال ہو رہا ہے جومستقبل میں خطرناک ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ زلزلے کی صورت میں بلاک سے تعمیر ہونے والی عمارتوں کو زیادہ نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، لہٰذا عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے متعلقہ ادارے اپنا کام ایمانداری و دیانتداری سے سرانجام دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اورنگزیب بادینی نے کہا کہ زلزلہ جسے آفتوں کے دوران عوام کی جان بچانے کے لیے شہر میں سیف سائیڈ کا انتظام بھی موجود ہے جس میں ہنگامی صورتحال اور مشکل گھڑی میں عوام کو رکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مکمل طور پر تیار رہیں تاکہ لوگوں کے تحفظ اور ایمرجنسی میں ان کی جانوں کا تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔شہر میں بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔اس موقع پرسیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات مختار احمد مگسی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 1935ء سے اب تک کئی مرتبہ بڑے زلزلے آچکے ہیں جس میں کئی ہلاکتیں اور نقصانات ہوئے ہیں لہٰذا مستقبل کے پیش نظر عوام کے تحفظ کے لیے بلڈنگ کوڈ پر عمل درآمد کرناناگزیر ہے۔