عمربن عبدالعزیزؒ کے مرقد کی بے حرمتی افسوسناک ہے، لیاقت بلوچ

180

لاہور (نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے شام میں عمر ثانی خلیفۃ المسلمین حضرت عمر بن عبدالعزیز ؒکے مرقد کی بے حرمتی ، توہین ، دہشت گرد کارروائی پر شدید دکھ اور صدمے کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پور ی دنیا میں شعائر اسلام ، مزارات اور مقامات مقدسہ کی بے حرمتی اور دہشت گردی کے واقعات جاری ہیں ۔ ان واقعات سے اشتعال فطری امر ہے ۔ عالم اسلام خواب غفلت سے بیدار ہواور اہل ایمان کے مذہبی جذبات کی حفاظت اور قدر کرے ۔ او آئی سی اپنا مؤثر کردار ادا کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا میں ہزارہ ، ملاکنڈ ، پشاور اور 29 جنوبی اضلاع کی سیاسی انتخابی کمیٹی کے صدور اور سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سعودی عرب ، امارات ، یورپ اور دیگر بیرونی ممالک میں اوورسیز پاکستانی بڑی کسمپرسی کی حالت سے دوچار ہیں ۔ کورونا اور لاک ڈائون سے ان ممالک کی معیشت تتر بتر ہوگئی ۔ پاکستانی بے روزگار اور بے آسرا ہوگئے ۔ ریاست پاکستان کی ذمے داری ہے کہ فوری طور پر اوورسیز پاکستانیوں کو وطن واپس لایاجائے ۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی ذمے داری پوری کریں ۔ جماعت اسلامی عوامی خدمات کا مقدس فریضہ ادا کرتی رہے گی اور تباہ حال سیاسی ، اقتصادی نظام اور قیادت کے بحران میں قائدانہ کردار ادا کرے گی ۔ ملک بھر کے اضلاع میں بلدیاتی اور عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں 303 دن سے کرفیو ، لاک ڈائون جاری ہے ۔ فاشسٹ مودی کا ظلم بڑھتا جارہاہے ۔ فاشسٹ مودی عالم امن اور سیاست کا ناسور ہے ۔ آزادی اور حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی انسانی حق ہے ۔ حکومت پاکستان نے کشمیر کو بھلا دیاہے ۔ بھارتی جارحانہ عزائم اور جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے خلاف متفقہ پالیسی بنائی جائے۔