لاہور‘نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری کا بیٹااشتہاری قرار

140

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی سیشن عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری سعید مہدی کے بیٹے کو اشتہاری قرار دے دیا۔عدالت نے سعید مہدی کے بیٹے علی فیصل اور کمپنی کے دیگر ڈائریکٹرز کی جائداد اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ایڈیشنل سیشن جج سہیل انجم نے امانت علی کی ایکسیڈ پیٹرولیم کے خلاف درخواست پر حکم دیا۔امانت علی کی جانب سے درخواست گزار نے کہا کہ درخواست گزار ایکسیڈ پیٹرولیم کے ساتھ کاروبار کررہے تھے اور پیشگی ادائیگیاں کیں، ایکسیڈ پیٹرولیم کو 3 کروڑ روپے سے زائد رقم کی پیشگی ادائیگی کی، مگر درخواست گزار کو طے شدہ پیٹرولیم مصنوعات فراہم نہیں کی گئیں۔ درخواست گزار کے وکیل کاکہنا تھا کہ سعید مہدی کے بیٹے کی کمپنی نے رقم واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی اور چیک دیے مگر تمام چیکس باؤنس ہو گئے، چیکس باؤنس ہونے پر تھانے میں مقدمات کا اندراج کیا گیا مگر پولیس کوئی بھی کارروائی نہیں کررہی، ملزمان اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے بے جا تنگ کررہے ہیں اور درخواست گزار کو بلیک میلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ درخواست گزار ملزمان کے فراڈ کی وجہ سے مالی مشکلات کا شکار ہے۔