سعودی عرب کا حوثیوں کے 2ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

230

ریاض ؍ صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عسکری اتحاد نے یمنی باغیوں کے 2 ڈرون طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے رہائشی علاقوں کی طرف بھیجے گئے ڈرونز کو ملکی سرحد ہی پر تباہ کردیا گیا۔ اس سے قبل سعودی فوج نے اتوار کے روز یمن میں گولہ باری کی۔ سعودی عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ صوبے عسیر کے شہر خمیس مشیط میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے 2 ڈرونز کو فضا میں تباہ کردیا گیا ہے۔ سرحدوں کو حوثی باغیوں کی دہشت گردانہ کارروائیوں سے محفوظ بنانے کے لیے سعودی ائر ڈیفنس مستعد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی عسکریت پسندوں کو غیر مسلح کرنے تک جاری رہے گی۔ فضائی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا ہیدوسری جانب حوثی باغیوں کی جانب سے ڈرون مار گرائے جانے پر کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ دریں اثنا یمنی فوج اور اس کی معاون ملیشیا نے دارالحکومت صنعا کے مشرقی علاقے میں حوثی باغیوں کی طرف سے کیا گیا حملہ ناکام بنا دیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق حوثیوں نے مشرقی صنعا کے ضلاع نہم میں سرکاری فوج پرحملے کی کوشش کی، تاہم جوابی کارروائی میں انہیں بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ یمنی فوج کے شعبہ اطلاعات نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔