ممکنہ نجکاری کے خلاف اسٹیل مل کی تمام مزدور یونینز سرگرم ہوگئیں

251

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسٹیل مل کی ممکنہ نجکاری اور بڑے پیمانے پر ملازمین کی جبری برفیوںکے خلاف ادارے کی تمام مزدور یونینز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب اسے اسٹیل مل کی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ممکنہ نجکاری اور ادارے سے 9350ملازمین کی جبری برفیوںکے عمل میںتیزی کے ساتھ ہی ادارے کے ملازمین میںاضطراب اور بے چینی پھیل گئی ہے ،ادارے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف اسٹیل مل کی تمام مزدور یونینز سرگرم ہوگئی ہیںاور ان یونینز نے اس مہم میںاپنی اپنی سرپرست سیاسی تنظیموں کو بھی شامل کرلیا ہے ،اسٹیل مل میںاس وقت انصاف لیبر یونین،پاسلو،پیپلز لیبر بیورو ،یونائیٹڈ ورکرز فرنٹ اور دیگر مزدور یونینز شامل ہیںجنہیںبالترتیب تحریک انصاف، جماعت اسلامی،پیپلز پارٹی،ایم کیو ایم پاکستان کی سیاسی حمایت حاصل ہے۔ ،اس وقت یہ تمام مزدور یونینز علیحدہ علیحدہ پلیٹ فارم سے جدو جہد کررہی ہیں ،تاہم ان تما م مزدور یونینز کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوششیں کی جارہی ہیںتا کہ اسٹیل مل کی نجکاری کے خلاف ایک موثر اور مضبوط آواز اٹھائی جاسکے ۔اس ضمن میںاسٹیک ہولڈرز گروپ کے کنوینر ممریز خان بھی متحرک ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ وقت ابھی اسٹیل مل کو بچانے کا ہے اور مزدوروں سے متعلق سیاست بعد میںکی جاسکتی ہے کیونکہ تمام مزدور تنظیمیںاس ادارے کی ہی بدولت ہیں۔ذرائع کے مطابق اسٹیل مل کی تمام مزدور یونینز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا عمل جاری ہے اور اسٹیل مل بچاؤ جیسی کسی تحریک کا آغاز کسی بھی وقت کیا جاسکتا ہے ،ابتدائی طور پر ادارے کی مزدور تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر مشترکہ پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جاسکتا ہے جس میںممکنہ طور پر اسٹیل مل کو نجکاری سے بچانے کے لیے تمام مزدور تنظیمیںمشترکہ جدوجہد کا اعلان کرسکتی ہیں۔