پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے بجلی کے نرخ کم کیے جائیں، شیخ عمر ریحان

397

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر ، صدر شیخ عمر ریحان ، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت اور نائب صدر سید واجد حسین نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ وزیرا عظم عمران خان نے کورونا وائرس سے پیدا شدہ بحران میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے گزشتہ دو ماہ میں پیٹرو لیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی کی ہے جسے جتنا سراہا جائے کم ہے۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان کا کہنا تھا کہ دو ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات میں کئی گنا کمی کی گئی اور عالمی منڈی میں ہونے والے ردوبدل کا فائدہ عوام کوپہنچایا گیا جس کے لیے وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے بجلی کی پیداواری لاگت بھی کم ہوئی ہے اس کا فائدہ بھی عوام اور بالخصوص صنعتوں کو پہنچنا چاہیے۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ وزیر اعظم نے درست کہا ہے کہ پاکستان میں پیٹر ولیم قیمتیں جنوبی ایشیا میں سب سے کم ہوچکی ہیں تاہم ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں صنعتوں کی پیداواری لاگت بھی خطے میں سب سے کم ہوجائے اور اس کے لیے توانائی کے شعبے میں صنعتوں کو ریلیف دینے کے لیے غیر معمولی اقدامات کرنا ہوں گے۔