سری لنکن کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے کیمپ میں واپسی

273

کولمبو (جسارت نیوز) سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے اعلان کیا ہے کہ قومی ٹیم کے 13 کھلاڑیوں پر مشتمل ایک گروپ کا 12 روزہ رہائشی تربیتی کیمپ شروع ہوگیا۔ سری لنکا کرکٹ کے مطابق بنیادی طور پر یہ گروپ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں فارمیٹس کے بولرز پر مشتمل ہے جو کولمبو کرکٹ کلب میں تربیت حاصل کرے گا اور اپنی تربیت کی مدت پوری ہونے تک ایک ہوٹل میں قیام پذیر رہے گا۔ 13 کھلاڑیوں پر مشتمل گروپ نے پیر کو ہوٹل میں ہی فٹنس کی تربیت کے ساتھ آغاز کیا اور اس کے بعد آج سے گراؤنڈ میں تربیت حاصل کریں گے۔12 روزہ تربیتی دورانیے میں4 رکنی کوچنگ اور سپورٹ کا عملہ کھلاڑیوں کے ساتھ ہوگا۔ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے کہا ہے کہ 12 روزہ رہائشی تربیتی کیمپ کا اعلان حکومت کے نافذ کردہ صحت کے ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تھا، جو کرکٹ کو ‘ہائی رسک’ کھیل کے طور پر متعین کرتا ہے اور موجودہ حالات میں رہائشی تربیت کی ضرورت ہے۔ایس ایل سی نے 12 روزہ رہائشی تربیتی کیمپ میں شامل ہر کھلاڑی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے وزارت کھیل اور وزارت صحت کے ساتھ مشاورت کے بعد مطلوبہ اقدامات اٹھائے ہیں اور کیمپ کے دورانیے اور اس سے قبل اس پر عمل کرنے کے لئے ایک طریقہ کار وضع کیا ہے۔ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کے مطابق تربیت کے دوران ڈس انفیکٹڈ گاڑیاں نقل و حمل کے لئے استعمال کی جائیں گی جبکہ صحت کے حکام رہنما صحت کے رہنما اصولوں کی فراہمی کے لئے پہلے ہی ہوٹل اور پریکٹس کے مقام کا دورہ کر چکے ہیں۔ دریں اثنا کھلاڑیوں کو اس مدت کے دوران ذاتی معاملات میں شرکت کے لئے ہوٹل یا پریکٹس کے مقام سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔