روہت شرما راجیو گاندھی کھیل رتنا ایوارڈ کیلے نامزد

170

نئی دہلی (جسارت نیوز) بھارت کرکٹ اینڈ کنڑول بورڈ (بی سی سی آئی) نے مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما کو راجیو گاندھی کھیل رتنا ایوارڈ کے لئے نامزد کیا ہے، یہ بھارت میں کھیل کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ ان کے علاوہ بورڈ نے بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر ایشانت شرما، اوپننگ بلے باز شیکھر دھون کو ارجن ایوارڈ کے لئے نامزد کیا ہے۔روہت شرما کو 2019ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر راجیو گاندھی کھیل رتنا ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔انہوں نے پہلی مرتبہ 2019ء میں کھیلے گئے 5 ٹیسٹ میچوں میں 92.66 کی اوسط سے 556 رنز اور ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 57.30 کی اوسط سے 1657 رنز بنائے جس میں ایک ورلڈ کپ میں 5 سنچریوں کا غیر معمولی کارنامہ بھی شامل ہے۔روہت شرما اگر یہ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہو گئے تو سچن ٹنڈولکر، مہندرا سنگھ دھونی اور ویرات کوہلی کے بعد وہ یہ اعزاز پانے والے چوتھے کرکٹر بن جائیں گے۔ بھارت کرکٹ اینڈ کنڑول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سارو گنگولی نے بیان میں کہا کہ ہم نے بہت سوچ وبچار کے بعد کھلاڑیوں کے سارے اعداد و شمار کو سامنے رکھتے ہوئے اور نامزدگان کو شارٹ لسٹ کرنے سے پہلے مختلف پیرامیٹرز پر غور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روہت شرما نے ایک بلے باز کی حیثیت پورا سال شاندار کارکردگی سے اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی آراء کے مطابق روہت نے کھیل کے چھوٹے فارمیٹس (ٹی ٹوئنٹی) میں ممکنہ ا سکور حاصل نہیں کیے تاہم انہوں نے کہاکہ ہمیں لگتا ہے کہ روہت پرعزم، طرز عمل، مستقل مزاجی اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے باعث کھیل رتنا ایوارڈ کے قابل ہیں۔ گنگولی نے کہا کہ ایشانت شرما بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ کا سب سے سینئر ممبر ہے اور بھارتی ٹیم کی ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ون ٹیم کی حیثیت ان کی شراکت اہم رہی ہے۔ شیکھر دھون نے کارکردگی میں اپنی مستقل مزاجی کو قائم رکھا ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مقابلوں میں ان کی کارکردگی نمایاں رہی ہے۔