کراچی پولیس نے ازخود شہر سے لاک ڈاؤن ختم کردیا

258

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس نے از خود پورے شہر سے لاک ڈاؤن کا خاتمہ کردیا۔شہر کے مختلف علاقوں میں متعلقہ تھانوں نے ہوٹلوں، پان کی دکانوں اور دیگر کاروبار کو رات گئے تک کاروبار کی اجازت دے دی۔چائے کے ہوٹلوں میں لوگوں کا رش کورونا وبا کے پھیلاؤ کا سبب بن رہا ہے جبکہ سڑکوں پر ٹھیلے والے بھی مختلف فروٹس بیچتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ عالمگیر وبا کورونا سے بچاؤ کے لیے حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جس پر رواں ماہ نرمی کی گئی اور عید کی آمد سے قبل دکانوں اور مارکیٹوں کو مخصوص اوقات کار میں کھلنے کی اجازت دی گئی ہے ،تاہم کراچی پولیس نے لاک ڈاؤن کو کمائی کا ذریعہ بنالیا ہے اور حکومتی احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے شہر میں لاک ڈاؤن کا خاتمہ کردیا ہے۔ حکومت کی ہدایت ہے کہ میڈیکل اسٹورز اور ددودھ کی دکانوں کے علاوہ تمام دکانیں اور مارکیٹس شام 5بجے تک بند کردی جائیں لیکن عید کے بعد شہر کے ہر علاقے میں تمام دکانیں رات گئے تک کھلی ہوئی ہیں جبکہ چائے کے ہوٹلوں کو بھی پولیس کی سرپرستی میں کھول دیا گیا ہے۔