فروغ نسیم جسٹس فائز کے خلاف مقدمے کیلیے وزارت سے مستعفی

294

اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے عہدے سے استعفا دے دیاہے اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم کی سفارش پر ان کا استعفا منظور کرلیا ہے، فروغ نسیم جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں وفاق کی نمائندگی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم مستعفی ہوگئے ، فروغ نسیم جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں وفاق کی نمائندگی کریں گے۔یاد رہے نومبر 2019ء میں بھی فروغ نسیم نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی عدالت عظمیٰ میں مدت ملازمت سے متعلق کیس کی پیروی کرنے کے لیے وفاقی وزیر قانون کے عہدے سے استعفا دے دیا تھا۔ بعد ازاں بیرسٹر فروغ نسیم کو کیس کا فیصلہ آنے کے بعد دوبارہ وزیر قانون بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ نومبر 26 کو فروغ نسیم نے وفاقی وزیر قانون کے عہدے کا دوبارہ حلف اٹھایا، وزیر اعظم عمران خان نے فروغ نسیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ آپ محنت کر رہے ہیں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں، پوری کابینہ آپ کے ساتھ ہے، بطور وزیر قانون آپ حکومت کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں۔