جنوبی ایشیا میں امن کا دار و مدار تنازعات کے حل میں ہے، جنرل باجوہ

221

اسلام آباد(آن لائن)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کا دار و مدار دیرینہ تنازعات کے حل میں ہے، بامقصد اور بامعنی عالمی حمایت اور تعاون سے ان تنازعات کو حل کیا جا سکتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسروں اور فیکلٹی ارکان سے خطاب کیا اور ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز پربروشنی ڈالی، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایک پیشہ ور اور اعلیٰ تربیت یافتہ فوج امن کی ضامن ہے، جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کا دار و مدار دیرینہ تنازعات کیحل میں ہے، جس کیلئے عالمی حمایت اور تعاون سے ان تنازعات کو حل کیا جا سکتا ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پختہ عزم سے علاقائی مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے، آرمی چیف نے زور دیا کہ افسران پیشہ ورانہ مہارت کے حصول کیلئے بھرپور کوششیں کریں۔