امریکا میں سیاہ فام شخص کی ہلاکت، چین کا اہم بیان آگیا

439

چین نے امریکا میں سیاہ فام شخص کی ہلاکت پر کہا ہے کہ موجودہ صورتحال امریکا میں نسل پرستی اور پولیس تشدد کے مسائل کی شدت کی ایک بار پھرعکاسی کرتی ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے امریکا میں سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد پھوٹنے والے ہنگاموں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاہ فام افراد کی زندگیاں بھی اہم ہیں،انسانی حقوق کی ضمانت ہونی چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ نسلی اقلیتوں کے خلاف نسل پرستی امریکی معاشرے کی ایک دائمی بیماری ہے ہانگ کانگ مظاہرین کی حمایت کرنے والی امریکی حکومت کادہرامعیاربےنقاب ہوگیا، موجودہ صورتحال امریکا میں نسل پرستی اور پولیس تشدد کے مسائل کی شدت کی ایک بار پھرعکاسی کرتی ہے۔

امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر مینی پولس میں پولیس کی حراست میں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے بعدمختلف ریاستوں میں گزشتہ 6 روز سے ہنگامے اور فسادات پھوٹ پڑے ہیں ۔مظاہرین کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ امریکا میں سیاہ فام افراد زندگیوں کو بھی دیگر سفید فام شہریوں کی طرح محفوظ بنایا جائے اور انہیں برابر کے حقوق دیے جائیں۔