وزیراعظم عمران خان کا اطالوی وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ

583

وزیراعظم عمران خان کا اطالوی وزیراعظم جوزپے کونتے سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں کورونا  وائرس کے باعث درپیش مسائل سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان اوراطالوی وزیراعظم جوزپے کونتے کےدرمیان دو طرفہ تعلقات،باہمی دلچسپی کےامور،موجودہ صورتحال اور مسئلہ کشمیرپر بات چیت ہوئی ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان کورونا وائرس کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،عمران خان نے کورونا وائرس سے اٹلی میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا،وزیراعظم نے پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔

عمران خان نے اطالوی وزیراعظم کوبھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق آگاہ کیا،وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ڈبل لاک ڈاؤن کررکھاہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری ہندوستان میں امتیازی کارروائیوں کا سامنا کرنے والے مسلمانوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کے سبب دوہرے چیلنج کا سامنا ہے،کورونا  کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں اور معاشی صورتحال پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو سپورٹ کے لئے قرضوں کی ادائیگی میں نرمی ناگزیر ہے،ترقی پذیر ممالک ترقی یافتہ ممالک کی حمایت کے بغیرمعاشی بحران کا مقابلہ نہیں کرسکتے ہیں۔