بھارت نے پاکستانی سفارتی اہلکاروں پر جاسوسی کا الزام لگا کر حراست میں لے لیا

693

بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ نے ‏بھارت میں تعینات دو پاکستانی سفارتی اہلکاروں سمیت 3 پاکستانی افراد کو جاسوسی کا الزام لگا کر حراست میں لے لیا۔

بھارت نے پاکستان ہائی کمیشن میں تعینات 2 ویزا آفیسروں عابد حسین اور طاہر خان پر جاسوسی کا الزام لگا کر پکڑلیا تاہم بعد ازاں انہیں ملک چھوڑنے کا کہہ کر رہا کردیا۔ بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ سیکورٹی حکام نے سفارتی اہلکاروں کے ہمراہ ایک اور پاکستانی جاوید حسین کو بھی گرفتار کیا ہے۔

بھارتی دفتر خارجہ کی جانب سے پاکستانی ناظم الامور کو بلا کر نوٹ دیا گیا، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے دونوں ارکان سفارتی آداب کے منافی اور جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، لہذا پاکستانی ہائی کمیشن دونوں ارکان کو بھارت سے واپس بھیج دے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھی اس کا فوری جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اسلام آباد میں سفارتی لبادے میں موجود را کے اہلکاروں کو غیر پسندیدہ قرار دے کر نکال دیا جائے گا۔