ہوا کا کم دباؤ، طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے، محکمہ موسمیات

515

کراچی: محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہوچکا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق ڈپریشن کراچی سے 1285کلومیٹر جبکہ ممبئی سے 580کلومیٹر کی  دورپر ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں ‘ڈپریشن’ سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے جس کا رخ ممبئی یا گجرات کی جانب رہے گا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساحل کو طوفان سے کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم ماہی گیر گہرے سمندر میں جانے سے احتیاط کریں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 3 دن مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہے گا جبکہ کراچی میں نچلی سطح کے بادلوں کے باعث بوندا باندی یا ہلکی بارش متوقع ہے۔ کراچی کا درجہ حرارت 36 سے 37 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔