کورونا وائرس مویشی منڈیوں میں اربوں روپے ڈوبنے کا اندیشہ

2094

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) سہراب گوٹھ مویشی منڈی میں گزشتہ سال وی آئی پی بلاک میں جانوروں کا اسٹال لگا نے والے بڑے کیٹل فارمرز سرما والا کیٹل فارم سمیت دیگر نے اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے مویشی منڈی میں اپنا اسٹال لگانے سے معذرت کرلی ہے۔

عید الاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں میں کورونا وائرس پھیلنے کے خدشہ پر مویشی منڈی میں امسال اربوں روپے کی سرمایہ ڈوبنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاون کے باعث سہراب گوٹھ پر ایشا کی سب سے بڑی عارضی مویشی منڈی سمیت دیگر مقامات پر لگنے والی مویشی منڈیوںمیں کاروباری سرگرمیوں کے متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نطر دیگر صوبوں اورشہروں سے مویشی فروخت کیلیے لانے والے مالکان شش وپنج کا شکار ہیں۔

جبکہ عوام کی قوت خرید متاثر ہونے کی وجہ سے بھی اس بار عید الاضحی پر جانوروں کی فروخت کم ہونے کے امکانات ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ رمضان المبارک کے آخر یا عیدالفطر کے فوری بعد کراچی میں مویشی منڈیوں کیلیے سرگرمیوں کا آغاز ہو جاتا ہے۔

سندھ،پنجاب،بلوچستان سمیت دیگر صوبوں سے مویشی مالکان اپنے جانور کراچی کی منڈیوں میں لے آتے ہیں،ان مویشی مالکان کاسال بھر کا مکمل گزر بسر انہی جانوروں سے ہونیوالی آمدن پر ہوتا ہے۔

جبکہ عید الاضحی پر کھال،چارہ،چھری چاقو اورآرائشی سامان کے اسٹال لگانے والوں کے علاوہ قصاب بھی لاکھوں روپے کماتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پرمویشی منڈیوں کے لیے تاحال کوئی واضح پالیسی کا اعلان نہ ہونے اورلاک ڈاون کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقراررہنے کی صورت میں کاروبار زندگی بحال نہ ہونے کی صورت میں اس بار عید الاضحی پر کاروبار انتہائی کم ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔

گزشتہ سال سہراب گوٹھ مویشی منڈی میں وی آئی پی جانوروں کا اسٹال لگا نے والے بڑے کیٹل فارمرز ،سرما والا کیٹل فارم سمیت دیگر نے اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے مویشی منڈی میں اپنا اسٹال لگانے سے معذرت کرلی ہے۔

مویشی کے بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سنت ابراہیمی کے تحت ہر سال عید قرباں پر لاکھوں جانور قربان کیے جاتے ہیں،عید الاضحی پر ہر سال 350 سے 400 ارب روپے تک کا کاروبار ہوتا ہے۔

مویشیوں کے علاوہ عید قرباں پر کھال، چارہ، چھری چاقو، قصاب،آرائشی سامان کی مد میں ہر سال معیشت کو تقریباً 4 سو ارب کا فائدہ ہوتا ہے۔عید الاضحی کے موقعے پر لاکھوں لوگوں کا روزگار بھی وابستہ ہوتا ہے لیکن اس بار کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں ماند پڑنے سے لوگوں کا روزگار بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

دوسر ی جانب مویشی منڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانوروں کے لیے قائم کی جانے والی عارضی مویشی منڈی 2020کے لیے ایڈ منسٹریٹر، بجلی کی سپلائی، کار پارکنگ،جانوروں کے لیے پانی کی سپلائی، سافٹ ڈرنک،منرل واٹر،چارہ سپلائی،برف سپلائی،ٹینٹ سروس اور بیت الخلاء سمیت دیگر انتظامات کے لیے ٹینڈر جاری کر دیے گئے ہیں۔

مویشی منڈی 2020میں ایڈ منسٹریٹر کے لئے متعلقہ فرم سے کل منافع کی فیصد(Percentage)کی بنیاد پر پیشکش طلب کی گئی ہے جب کے ساتھ مبلغ60,00,000(ساٹھ لاکھ روپے)بطور ضمانت انتظامیہ مویشی منڈی کوجمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

بجلی کی سپلائی کے لئے مویشی منڈی کے وسیع و عریض علاقے کو جنریٹر کے ذریعے بجلی مہیا کرنے ارینا لائٹس اور وافرتعداد میں فلڈ لائٹس،سرچ لائٹس انرجی سیور اور ٹیوب لائٹس درکار ہیں۔ متعلقہ فرم کو 40,00,000(چالیس لاکھ روپے)بطور ضمانت انتظامیہ مویشی منڈی کوجمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

مویشی منڈی کے علاقے میں کار پارکنگ کے لیے متعلقہ فرم کومبلغ40,00,000(چالیس لاکھ روپے) بطور ضمانت انتظامیہ مویشی منڈی کوجمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔ جبکہ کار پارکنگ میں بجلی کا انتظام پیشکش دہندہ خود کرے گا۔

Sohrab Goth Gai Mandi, Cattle Market, Karachi, Pakistan. | Flickr

مویشی منڈی میں پینے کے پانی اور جانوروں کو پلانے کے پانی کی سپلائی کرنے کے خواہشمند فرم(جن کے پاس کم از کم25 پانی والے ٹینکر موجود ہوں اور واٹر بورڈ سے واٹرہائیڈرنٹ لینے کی اہلیت رکھتے ہوں مبلغ30,00,000(تیس لاکھ روپے)بطور ضمانت انتظامیہ مویشی منڈی کوجمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

منڈی میں سافٹ ڈرنک سپلائی کرنے کے لیے متعلقہ فرم کو مبلغ3,00,000(تین لاکھ روپے)بطور ضمانت انتظامیہ مویشی منڈی کوجمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

منڈی میں منرل واٹر سپلائی کرنے کے لئے متعلقہ فرم کومبلغ3,00,000(تین لاکھ روپے)بطور ضمانت انتظامیہ مویشی منڈی کوجمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

منڈی میں جانوروں کے لئے چارہ سپلائی کے لیے متعلقہ فرم کومبلغ 20,00,000(بیس لاکھ روپے)بطور ضمانت انتظامیہ مویشی منڈی کوجمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

منڈی میں برف سپلائی کرنے کے لیے مبلغ3,00,000(تین لاکھ روپے)بطور ضمانت انتظامیہ مویشی منڈی کوجمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

منڈی میں ٹینٹ سروس مہیا کرنے کے لیے مبلغ5,00,000(پانچ لاکھ روپے)بطور ضمانت انتظامیہ مویشی منڈی کوجمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

اسی طرح منڈی میں بیت الخلاء کی سروس مہیا کرنے کے لیے مبلغ1,00,000(ایک لاکھ روپے)بطور ضمانت انتظامیہ مویشی منڈی کوجمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

مویشی منڈی 2020کے لیے اوپن ٹینڈر میں بڑی تعداد میں فرمز اور لوگوں نے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے،ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ28مئی کو مویشی منڈی کے ایڈ منسٹریٹر کے ٹھیکے کے لیے7 ٹھیکیداروں کے انٹرویو ہوچکے ہے اسی طرح دیگر شعبہ جات کے حوالے مناسب تجربہ کار اور اچھی شہرت رکھنے والے ٹھیکید داروں کے انٹرویو کے بعد ان کے ناموں کا اعلان کل تک کر دیا جائے گا۔

Beautiful Sohrab Goth Karachi Maweshi Mandi 2016 View

واضح رہے کہ ملک میں جاری لاک ڈاؤن کے اثرات اس بار عید الفطر پر نمایاں طور پر دیکھنے میں آئے، ذرائع آمدن محدود ہونے کی وجہ سے لوگوں کی قوت خریدمیں نمایاں کمی ہوئی ہے اور اس بار عید الفطر پر لوگوں نے صرف بچوں کے کپڑوں کی خریداری کی ہے ۔ایک سروے مطابق مسلسل لاک ڈاؤن اور عید الفطر پر جمع پونجی ختم ہوجانے کے بعد اب عوام کی قوت خرید مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے۔