لکی مروت،زمینی تنازع پر فائرنگ،2افراد جاں بحق

374

لکی مروت (این این آئی) ٹرائبل سب ڈویژن بیٹنی کے علاقے شادی خیل میں اراضی کے تنازع پر دو گروہوں میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، پولیس نے دونوں گروہوں کے ملزمان کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ مدعی جٹ خان نے تھانہ مستی خیل بیٹنی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کمال خان کے ہمراہ گھر کے باہر موجود تھے کہ ملزمان امین خان، زوتہ خان، رشید خان، ہاشم خان، علی جان، نثار احمد، قادر جان اور علی رحمن نے چھے سات دیگر ساتھیوں کے ہمراہ وہاں آکر فائرنگ کردی جس سے کمال خان موقع پر جاں بحق اور وہ زخمی ہوگئے۔ فریق دوم کی طرف سے رپورٹ درج کراتے ہوئے امجد خان نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے والد ہاشم خان کے ہمراہ سکول سے گھر کی طرف آرہے تھے کہ راستے میں پہلے سے گھات لگائے ملزمان شمال خان اور اختر خان کو ان کے والد جٹ خان نے فائرنگ کا حکم دیا۔ دونوں کی فائرنگ سے ان کے والد ہاشم خان موقع پر دم توڑ گئے۔ لکی مروت پولیس نے الگ الگ کارروائیوں میں 4 کلو سے زائد ہیروئن برآمد کرکے مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمات درج کرلیے۔ نورنگ کے تھانہ شہید عصمت اللہ خان خٹک کی پولیس پارٹی نے ککی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم عظیم خان سے 1010 گرام ہیروئن برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا۔ پریڈ گرائونڈ کے قریب ملزمان احسان اللہ اور عزت خان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بالترتیب 1015 گرام اور 1021 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ ایک اور کارروائی میں پولیس نے نصر خیل موڑ کے قریب ملزم مجید خان کو دھر لیا اور اس کے قبضے سے 1005 گرام ہیروئن برآمد کرلی۔