جعلی ڈومیسائل کا کاروبار تشویشناک اور اہلیت پر ڈاکا ہے‘ حسین محنتی

224

ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ظلم کے نظام کا خاتمہ اور اسلامی نظام کا قیام ہی ملک و قوم کے تمام مسائل کا حل ہے۔ جعلی شناختی کارڈ کے بعد سندھ میں جعلی ڈومیسائل کا کاروبار تشویش ناک اور حکومت کے لیے لمحہ فکرہے۔اس سے اصل مستحق افرادکا حق مارا جاتا ہے۔ کمیشن جلد تحقیقات کرکے ملوث افراد کے خلاف قرار واقعی سزادی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ ضلعی عیدملن اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ امیر ضلع ٹھٹھہ الطاف احمد ملاح، نائب امیر مولانا عطاء الرحمان بلوچ، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ عبدالمجید سموں، مقامی امیر عبداللہ آدم گندرو اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کورونا قدرتی آفت اور آزمائش ہے اس کے ساتھ ساتھ جینا سیکھنا پڑے گا۔ سندھ حکومت کے اس حوالے سے اقدامات غیر تسلی بخش ہیں ان کا زور صرف لاک ڈاون اور مساجد کو بند کرنے میں ہے۔ کیوں کہ کورونا سے اتنا نقصان نہیں ہوا ہے جتنا نقصان لاک ڈاؤن اور حکومتی خوف و افراتفری کے ماحول سے ہوا ہے۔ ایک بڑے آبادی بیروزگار اور غربت کی لکیر سے نیچی چلی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سب سے زیادہ لاک ڈاؤن اور سختی سندھ حکومت نے کی اور بدقسمتی سے سب سے زیادہ کورونا کے کیسز اور نا اہلی بھی سندھ حکومت کی ثابت ہو رہی ہے۔ سرکاری و نجی ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک اختیار کیا جا رہا ہے۔یسپتال بھر گئے حکومتی ریلیف کہیں نظر نہیں آرہاہے۔اس سے معلوم ہوا کہ صرف لاک ڈاؤن مسئلے کا حل نہیں ہے۔ توبہ استغار رجوع الی اللہ، احتیاطی تدابیر اور کورونا مریضوں کا تسلی بخش علاج پر زیادہ توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ آج کشمیر فلسطین افغانستان سمیت پورا عالم اسلام طاغوتی یلغار سمیت بیشمار مسائل کا شکار ہیں۔ اتحاد امت اور رجوع الی اللہ کے ذریعے سامراجی سازشوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ جماعت اسلامی اللہ کی جماعت اور اقامت دین کے لیے جدوجہد اور عوام کو بیدار کر رہی ہے۔ امیر ضلع ٹھٹھہ الطاف احمد ملاح نے اپنے خطاب میں کہاکہ اس کورونا وبا کی شکل میں ہم اپنے رب کو پہچانیں۔ جماعت اسلامی ضلع ٹھٹھہ نے کورونا ریلیف میں ضلع بھر کے پانچ ہزار سے زاید خاندانوں میں 75 لاکھ روپے کی مالیت کا راشن و دیگر سامان پہنچایا۔ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں مشکل گھڑی میں انسان ذات کی خدمت کا موقع دیا۔