ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی تجویز

169

29اسلام آباد (صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی تجویز ،شہریوں کے لیے مساجد، بازاروں اور دوران سفر بسوں، ٹرینوں، ہوائی جہازوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔اسلام آباد میں فیس ماسک نہ لگانے پر دفعہ 144نافذ کر دی گئی، خلاف ورزی پر قید اور جرمانہ ہوگا،نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں کوویڈ 19 سے متعلق ’’طویل مدتی بیماری‘‘ کے عنوان سے طویل اور قلیل مدتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 15جولائی تک کورونا وبا عروج پر ہونے کے خدشہ کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو اگست تک بند رکھنے کی سفارش کی ہے جبکہ شہریوں کیلیے مساجد، بازاروں اور دوران سفر بسوں، ٹرینوں، ہوائی جہازوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔این سی او سی نے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں انڈسٹری سے منسلک کچھ دیگر شعبے کھولنے کے لیے صوبائی حکومتوں سے تجاویز اور آراء طلب کر لی ہیں‘ جن کی روشنی میں دیگر صنعتیں بھی کھولنے کی سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔جبکہ نیگیٹو لسٹ میں شامل ریسٹورنٹس کوکھانا صرف پارسل کی اجازت دی گئی ہے۔ شادی ہالوں میں صرف مہمانوں کی ایک محدود تعداد ، ایک ڈش اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر سختی سے عملدرآمد کے ساتھ اجازت دی جائے گی۔ اسد عمر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ سال کی پہلی سہ ماہی میں کوویڈ 19کے اثرات کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کریں۔علاوہ ازیں اسلام آباد میں فیس ماسک نہ لگانے پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، اطلاق مساجد، بازار، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریل اور ہوائی سفر پر ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے سبب اسلام آباد میں فیس ماسک لگانا لازمی قرار دیا گیا ، ماسک نہ لگانے پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ فیس ماسک پہننے والوں کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر اور مجسٹریٹ کارروائی کے مجاز ہوں گے،خلاف ورزی کرنے والوں پر 3 ہزار روپے تک جرمانہ اوردفعہ 188تعزیرات کے تحت جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے۔