سفارتخانے کو پاکستانی خواتین کے مسائل سے آگاہ کرتی ہوں‘ عائشہ علی

174

سعودی دارالحکومت ریاض میں سماجی شخصیت اور پی ٹی آئی (سعودی عرب) کی ڈپٹی ویمن سیکرٹری بازغہ روحیل نے موجودہ حالات کے تناظر میں ایک آن لائن نشست کا اہتمام کیا، جس کی مہمان خصوصی سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرراجا علی اعجاز کی اہلیہ عائشہ علی تھیں۔ دیگر مہمانوں میں صحافی وکالم نگار تسنیم امجد اورجدہ سے صحافی، شاعر اور مصنفہ سمیرہ عزیز شامل تھیں۔
نشست کا مقصد سعودی عرب میں موجود پاکستانی خواتین کودرپیش مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے ممکنہ حل پر بات چیت کرنا تھا۔ نشست کے آغاز میں بازغہ روحیل نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اپنی سماجی اور سیاسی خدمات کی ایک جھلک پیش کی۔
پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز کی اہلیہ عائشہ علی نے اپنی گفتگو کے آغاز میں پی ٹی آئی کی ایم پی اے شاہین رضا کی کورونا وائرس کی وجہ سے وفات پر تعزیتی کلمات ادا کیے اور دعائے مغفرت کی۔ بعد ازاں انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ان کے پاس کوئی عہدہ نہیں، تاہم وہ تمام خواتین کی جانب سے موصول ہونے والے مسائل سے پاکستانی سفارت خانے کو آگاہ کرتی رہتی ہیں، تاکہ ان کے حل کی کوئی راہ نکل سکے۔انہوں نے محدود وسائل کے باوجود مشکل وقت میں پاکستانی برادری کی مدد کرنے والی خواتین کی کاوشوں کو سراہا۔
تسنیم امجد نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ بطور کالم نگار وہ اپنی تحرير وں سے مسائل کی نشاندہی کرتی ہیں اور ایک کاروباری شخصیت ہونے کی حیثیت سے بھی نے ضرورت مند خاندانوں کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ انہوں نے پیغام دیا کہ آج کل کے حالات میں ہمیں یکجا ہو کر ایک دوسرے کی ہمت بڑھانی ہے۔
سمیرہ عزیز نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے جدہ میں موجود بہت سے خاندانوں کے مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ وہ جلد ہی بچوں کے لیے کچھ تربيتی اور تعلیمی کورسز کا آغاز کر رہی ہے جس کی تکمیل کے بعد ان کو سرٹیفکیٹ بھی دیے جائیں گے۔ انہوں نے عنقريب شائع ہونےوالی اپنی کتاب کا بھی ذکر کیا جس کا مقصد کرکٹ اور اس کےتکنیکی قاعدوں سے متعلق بات کی گئی ہے۔ سمیرہ عزیز کی اس سے پہلے بھی کئی کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ نشست کے اختتام پر تسنیم امجد نے پاکستانی سفیر کی اہلیہ کو ان کی خدمات پر شاعری کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا۔