پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز کا وڈیولنک کے ذریعے پاکستانی کمیونٹی سے رابطہ

201

سفیر پاکستان راجا علی اعجاز نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سے وڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کیا، جس میں ڈاکٹرز، انجینئرز، تاجر، کاروباری شخصیات، سماجی تنظیموں کے نمایندوں، اور مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے 35 افراد نے شرکت کی۔
راجا علی اعجاز نے سعودی عرب میں پاکستانی شہریوں کی کورونا وائرس سے افسوس ناک موت اور کراچی میں طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اورلواحقین سے اظہار افسوس کیا۔ آن لائن اجلاس میں پاکستانی کمیونٹی کے نمایندوں سے کورونا وائرس کے تناظر میں فلاح و بہبود، امداد باہمی اور جلد وطن واپسی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک مؤثر فلاحی حکمت عملی وضع کرنے پر اتفاق ہوا۔ سفیر پاکستان راجا علی اعجاز نے کمیونٹی کے نمایندوں کو سفارت خانے کی طرف سے انجام دی جانے والی فلاحی خدمات اور اس میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
پاکستان ڈاکٹرز فورم سے وابستہ ڈاکٹر اسد رومی اور ڈاکٹر فرحان سالک نے عالمی وبا کے حالیہ منظر نامے سے شرکا کو آگاہ کیا اور بتایا کہ کورونا کیسز کے بڑھنے کی رفتار جلد ہی کم ہو جائے گی اور زندگی کے معمولات بتدریج بحال ہونا شروع ہو جائیں گے۔
کمیونٹی کے بیشتر افراد نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ محصورپاکستانیوں کی بروقت اور محفوظ واپسی کو یقینی بنائیں۔ خاص طور پر وزٹ ویزے، فائنل ایگزٹ ویزے، ملازمتیں ختم ہوجانے والوں اور طبی و ہنگامی صورتحال والوں کی واپسی ترجیحی بنیاد پر کی جائے۔ آخرمیں سفیر پاکستان نے تمام شرکا کے خیالات اور تجاویز پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پھنسے ہوئے تمام پاکستانیوں کو فوری امداد اور کمیونٹی کے ساتھ مستقل رابطے فراہم کرنے کا مشن جاری رکھا جائے گا۔