کورونا کی ویکسین اکتوبر کے آخر تک تیار ہو جائے گی، امریکی کمپنی

406

واشنگٹن(صباح نیوز)امریکی دوا ساز کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا کی ویکسین اس سال اکتوبر کے آخر تک تیار ہو جائے گی جبکہ ماہرین نے کہاہے کہ سال 2021کے آخر تک ویکسین کی تیاری ممکن نہیں ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی دوا ساز کمپنی فائزر کے سی ای او البرٹ بورلا نے کہا کہ اگر حالات ٹھیک رہے اور ویکسین کی افادیت ثابت ہوئی تو اکتوبر کے آخر تک ویکسین سامنے لانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ فائزر ایک جرمن کمپنی کے اشتراک سے یورپ اور امریکا میں ویکسین تیار کرنے کے لیے تحقیق کر رہی ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے تحقیق کرنے والی ایک کمپنی نے بھی سال کے آخر تک ویکسین تیار ہونے کی امید کا اظہار کیا ہے۔ویکسین بنانے کے بعد بڑی تعداد میں ڈوز تیار کرنا بھی چیلنج ہوگا۔دنیا بھر میں سو سے زاید لیبارٹریز کورونا کی ویکسین تیار کرنے میں مصروف ہیں جن میں سے اب تک دس ہی کلینیکل ٹرائل کے مرحلے تک پہنچ سکی ہیں۔ماہرین کا کہنا تھا کہ اگلے سال کے آخر تک کورونا وائرس کی ویکسین بنانا ممکن نہیں ہوگا۔