ٹڈی دل کے بعد فصلوں کوغیر متوقع بارش سے نقصان کاخطرہ

274

اسلام آباد (اے پی پی) ٹڈی دل کے بعد فصلوں کو غیر متوقع بارش سے بھی نقصان کا خطرہ درپیش ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائوں کے ساتھ بارش فصلوں کو بھی تباہ کرسکتی ہے،کاشتکار فصلوں کو بچانے کے لیے منصوبہ بندی کریں، ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ٹڈی دل کے حملے زدہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔ ملک بھر میں 1102 ٹیمیں لوکسٹ کنٹرول آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر متوقع بارش کے نقصانات سے فصلوں کو بچانے کے لیے منصوبہ بندی کریں۔ ملک بھر میں حالیہ بارش کی وجہ سے کپاس کی فصل کو زیادہ نقصان کا خدشہ ہے کاشتکار طبقہ کو کہا گیا ہے کہ تیار فصلوں کی برداشت کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ پیداواری نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں جاری بارشوں کا حالیہ دورانیہ آئندہ منگل تک جاری رہ سکتا ہے۔ تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کی وجہ سے نہ صرف ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے بلکہ اس سے فصلیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔ کاشتکار طبقہ کو چاہیے کہ مختلف فصلوں کو بارش کے منفی اثرات سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے کھیتوں سے پانی کے اخراج کا مناسب بندوبست کریں اور اس حوالے سے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت حکمت عملی مرتب کر کے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔علاوہ ازیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق ٹڈی دل کے حملہ زدہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔ ملک بھر میں 1102 ٹیمیں لوکسٹ کنٹرول آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3لاکھ 63 ہزار ہیکڑ رقبے کا سروے ہوا۔ 4900 ہیکڑ رقبے کا ٹڈی مار ادویات سے ٹریٹمنٹ کیا گیا۔ بلوچستان میں 3200 ہیکڑ رقبے پر پنجاب میں 200 ہیکڑ پر اسپرے کیا گیا ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا میں 800ہیکڑر اور سندھ میں گزشتہ روز 700 ہیکڑ رقبے کاٹریٹمنٹ کیا گیا۔ ترجمان نے کہا ہے کہ اب تک پورے ملک میں 4لاکھ 92 ہزار ہیکڑ رقبے پر اسپرے کیا جا چکا ہے۔ ترجمان کے مطابق اس وقت ملک کے 52 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے۔ بلوچستان میں 31، خیبر پختونخوا میں 10، پنجاب میں 5 اور سندھ میں 6 اضلاع متاثر ہیں۔