لاک ڈائون میں مزید سختی یا نرمی کا فیصلہ آ ج ہوگا

291

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والا قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس (آج) پیرکو ہو گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی جس کے تحت اجلاس اب (آج) پیر کو سہ پہر ساڑھے 4بجے ہوگا۔ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)، صوبائی اور وزارت صحت کے حکام شریک ہوں گے۔اجلاس میں لاک ڈائون میں مزید سختی یا نرمی سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے اور کورونا وائرس کی وبائی صورتحال، مرض سے بچائو کی حکمت عملی پر بات ہوگی۔اس موقع پر کورونا کے مریضوں کے علاج اور طبی سازو سامان کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔اس سے قبل 7مئی کو ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 9 مئی سے لاک ڈائون میں مزید نرمی کا اعلان کیا گیا تھا اور وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے 9 مئی سے مرحلہ وار لاک ڈائون کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے جو فیصلہ کیا وہ تمام صوبوں کے ساتھ مل کر کیا ہے۔