کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا آج سے گاڑیاں چلانے کا اعلان مؤخر

224

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے وفد نے اتوار کو کمشنر آفس میں ملاقات کی۔یہ اجلاس کمشنر کراچی کی جانب سے طلب کیا گیا تھا اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن اور سیکرٹری آر ٹی اے بھی موجود تھے کمشنر کراچی نے کہا کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے ہر وقت حکومت کا ساتھ دیا ہے لہٰذا ہم آپ سے یہ توقع ہرگز نہیں کرتے کہ آپ قانون ہاتھ میں لیں گے ارشاد بخاری نے جوابا ًکہا کہ ہم بھی حکومت سے یہ توقع بالکل نہیں کرتے کہ ڈھائی ماہ سے ہمیں بے روزگار کر دیا گیا ہے اور ہمارے ڈرائیورز کنڈیکٹرز فاقوں کا شکار ہیں جبکہ پورے ملک میں گاڑیاں چل رہی ہیں۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کل اسلام آباد میں قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہونگے ان کی واپسی پر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے وفد کی ان سے ملاقات بھی کرائی جائے گی اور حکومت سے سفارش بھی کی جائے گی کہ ٹرانسپورٹروں کو جلد گاڑیاں چلانے کی اجازت دی جائے دونوں افسران کی بات کو مانتے ہوئے ارشاد بخاری نے وفد کے ارکان سے مشورہ کرکے یکم جون کو گاڑیاں سڑکوں پر لانے کا پروگرام مؤخر کردیا۔